لحد میں سو رہی ہے آج بے شک مشت خاک اس کی مگر گرم عمل ہے جاگتی ہے جان پاک اس کی وہ اک فانی بشر تھا میں یہ باور کر نہیں سکتا بشر اقبال ہو جائے تو ہرگز مر نہیں سکتا بہ زیر سایۂ دیوار مسجد ہے جو آسودہ یہ خاکی جسم ہے ستر برس کا راہ پیمودہ یہ خاکی جسم بھی اس کا بہت ہی بیش قیمت تھا جسے ہم جلوہ سمجھے تھے وہ پردہ بھی غنیمت تھا اسے ہم ناپتے تھے لے کے آنکھوں ہی کا پیمانا غزل خواں اس کو جانا ہم نے شاعر اس کو گردانا فقط صورت ہی دیکھی اس کے معنی ہم نہیں سمجھے نہ دیکھا رنگ تصویر آئنے کو دل نشیں سمجھے ہمیں ضعف بصارت سے کہاں تھی تاب نظارہ سکھائے اس کے پردے نے ہمیں آداب نظارا یہ نغمہ کیا ہے زیر پردہ ہائے ساز کم سمجھے رہے سب گوش بر آواز لیکن راز کم سمجھے شکست پیکر محسوس نے توڑا حجاب آخر طلوع صبح محشر بن کے چمکا آفتاب آخر مقید اب نہیں اقبالؔ اپنے جسم فانی میں نہیں وہ بند حائل آج دریا کی روانی میں وجود مرگ کی قائل نہیں تھی زندگی اس کی تعالی اللہ اب دیکھے کوئی پائندگی اس کی جسے ہم مردہ سمجھے زندہ تر پائندہ تر نکلا مہ و خورشید سے ذرے کا دل تابندہ تر نکلا ابھی اندازہ ہو سکتا نہیں اس کی بلندی کا ابھی دنیا کی آنکھوں پر ہے پردہ فرقہ بندی کا مگر میری نگاہوں میں ہیں چہرے ان جوانوں کے جنہیں اقبالؔ نے بخشے ہیں بازو قہر مانوں کے
حفیظ جالندھری