جاگو سونے والو جاگو وقت کے کھونے والو جاگو باغ میں چڑیاں بول رہی ہیں کلیاں آنکھیں کھول رہی ہیں پھول خوشی سے جھوم رہے ہیں پتوں کا منہ چوم رہے ہیں جاگ اٹھے دریا اور نہریں جاگ اٹھیں موجیں اور لہریں ناؤ چلانے والے جاگے پار لگانے والے جاگے ساری دنیا جاگ رہی ہے کام کی جانب بھاگ رہی ہے لکھنے پڑھنے والو جاگو پھولنے بڑھنے والو جاگو منہ دھو دھا کر ناشتہ کھاؤ بستہ لے کر مدرسے جاؤ صبح کا سونا خوب نہیں ہے اچھا یہ اسلوب نہیں ہے جاگو سونے والو جاگو وقت کے کھونے والو جاگو
حفیظ جالندھری