کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے چار ماہ بعد پاکستان کے سٹار آل راؤنڈر عماد وسیم اور پی سی بی نے مختلف ذرائع کے مطابق معاملات حل کر لیے ہیں اور کھلاڑی کو قومی کرکٹ باڈی کی جانب سے انٹرنیشنل سیٹ اپ سے قبل واپسی کا گرین سگنل مل گیا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر نے گزشتہ روز وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی سے ملاقاتیں کیں تاکہ وہ پی سی بی انتظامیہ کے ساتھ مسائل حل کر سکیں۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بھی عماد وسیم سے رابطہ کیا اور حال ہی میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران شاندار کارکردگی پر انہیں مبارکباد دی۔
عماد وسیم مبینہ طور پر اس کیمپ میں بھی شرکت کریں گے جو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل کاکول میں لگایا جائے گا جہاں پاکستان ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے 5 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔
کل ایک میٹنگ میں انہیں شاہین آفریدی اور وہاب ریاض نے مشورہ دیا کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ پر نظر ثانی کریں اور پاکستانی کرکٹ ٹیم میں واپسی کریں کیونکہ پاکستان جون میں شروع ہونے والے 2024 کے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کر رہا ہے۔
پی ایس ایل سیزن 9 کے دوران، عماد نے 12 میچوں میں 6.60 کے شاندار اکانومی ریٹ کے ساتھ 12 وکٹیں حاصل کیں اور اس کے ساتھ انھوں نے 9 اننگز میں 21.00 کی اوسط اور 128.57 کے مستحکم اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 126 رنز بنائے جس میں نصف سینچری پشاور زلمی کے خلاف جس میں انہوں نے 59 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کے 229 کے تعاقب میں 13 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ملتان سلطانز کے خلاف میچ بھی جیت لیا۔
پینتیس سالہ آل راؤنڈر نے حتمی فیصلہ کرنے سے قبل اہل خانہ اور قریبی دوستوں سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے اور توقع ہے کہ وہ کل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے فیصلے کا اعلان کریں گے۔