ضلعی انتظامیہ اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مشترکہ ریسکیو آپریشن کی ہدایت۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے بالاکوٹ کے سیاحتی مقام ناران میں دو بڑے برفانی گلیشیئر گرنے اور اس کے نیچے متعدد ہوٹل دبنے کو افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر مشیر سیاحت نے فوری طور پر وزیراعلی علی امین گنڈاپور سے رابطہ کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا اور انکی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مشترکہ آپریشن کرنے اور جدید مشینری کے ساتھ امدادی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر بھیجنے کی ہدایت کی جبکہ وہ ریسکیو آپریشن کی مسلسل نگرانی میں بھی مصروف رہے۔
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شبیر خان نے مشیر سیاحت کو بتایا کہ واقعہ ناران میں جھیل روڈ پر گلیشیئر گرنے کے باعث پیش آیا اور انکے احکامات کی روشنی میں اتھارٹی کی ایک امدادی ٹیم کے بعض اہلکار پیدل چل کر کافی مشکلات جھیلتے ہوئے جائے حادثہ پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
تاہم وہاں سے تفصیلات کا انتظار ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ موبائل نیٹ ورک اور دیگر مواصلاتی ذرائع کے فقدان کے سبب واقعہ کی رپورٹ میں تاخیر ہوئی تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی البتہ تقریباً آٹھ پکے اور جھونپڑی ہوٹل گلیشیئر کی زد میں آگئے ہیں جن کیلئے ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔
زاہد چن زیب نے ضلعی انتظامیہ اور کاغان ترقیاتی ادارہ کی اب تک کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جھیل روڈ کھولنے اور برفانی تودے ہٹانے کیلئے ایک ساتھ کام کرنے جبکہ متاثرین کی مدد اور انہیں برفانی تودے کی رینج سے باہر نکالنے کیلئے مقامی لوگوں کی معاونت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو مستقبل میں اس طرح کے افسوسناک واقعات کے تدارک کیلئے سائنسی طور طریقے اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔