Iztirab

Iztirab

مے بے رنگ کا سو رنگ سے رسوا ہونا

مے بے رنگ کا سو رنگ سے رسوا ہونا
کبھی میکش کبھی ساقی کبھی مینا ہونا
از ازل تا بہ ابد محو تماشا ہونا
میں وہ ہوں جس کو نہ مرنا ہے نہ پیدا ہونا
سارے عالم میں ہے بیتابی و شورش برپا
ہائے اس شوخ کا ہم شکل تمنا ہونا
فصل گل کیا ہے یہ معراج ہے آب و گل کی
میری رگ رگ کو مبارک رگ سودا ہونا
کہہ کے کچھ لالہ و گل رکھ لیا پردہ میں نے
مجھ سے دیکھا نہ گیا حسن کا رسوا ہونا
جلوہ حسن کو ہے چشم تحیر کی طلب
کس کی قسمت میں ہے محروم تماشا ہونا
دہر ہی سے وہ نمایاں بھی ہے پنہاں بھی ہے
جیسے صہبا کے لیے پردہ مینا ہونا
تیری شوخی تیری نیرنگ ادائی کے نثار
اک نئی جان ہے تجدید تمنا ہونا
حسن کے ساتھ ہے بیگانہ نگاہی کا مزہ
قہر ہے قہر مگر عرض تمنا ہونا
اس سے بڑھ کر کوئی بے راہروی کیا ہوگی
گام پر شوق کا منزل سے شناسا ہونا
مائل شعر و غزل پھر ہے طبیعت اصغرؔ
ابھی کچھ اور مقدر میں ہے رسوا ہونا

اصغر گونڈوی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *