Iztirab

Iztirab

آخری ٹیس آزمانے کو

آخری ٹیس آزمانے کو
جی تو چاہا تھا مسکرانے کو
یاد اتنی بھی سخت جاں تو نہیں
اک گھروندا رہا ہے ڈھانے کو
سنگریزوں میں ڈھل گئے آنسو
لوگ ہنستے رہے دکھانے کو
زخم نغمہ بھی لو تو دیتا ہے
اک دیا رہ گیا جلانے کو
جلنے والے تو جل بجھے آخر
کون دیتا خبر زمانے کو
کتنے مجبور ہو گئے ہوں گے
ان کہی بات منہ پہ لانے کو
کھل کے ہنسنا تو سب کو آتا ہے
لوگ ترسے ہیں اک بہانے کو
ریزہ ریزہ بکھر گیا انساں
دل کی ویرانیاں جتانے کو
حسرتوں کی پناہ گاہوں میں
کیا ٹھکانے ہیں سر چھپانے کو
ہاتھ کانٹوں سے کر لیے زخمی
پھول بالوں میں اک سجانے کو
آس کی بات ہو کہ سانس اداؔ
یہ کھلونے تھے ٹوٹ جانے کو
ادا جعفری

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *