Iztirab

Iztirab

آزاد ہند فوج

اے جیش‌ سرفروش جوانان خوش نہاد
سینے پہ تیرے کند ہوئی تیغ اشتداد
غربت میں دی ہے تو نے شجاعت کی خوب داد
اقوام دہر کرتی ہیں جرأت پہ تیری صاد
تو کامگار ہو ترے دشمن ہوں نامراد
ہندوستاں کی فوج ظفر موج زندہ باد
دریا و دشت و کوہ میں تیرا بگل بجے
جس کی صدا سے گنبد گردوں بھی گونج اٹھے
میداں میں موت بھی ہو مجسم جو سامنے
تیرے دلاوروں کے نہ ہوں پست حوصلے
ہو بلکہ ان کا جوش عمل اور بھی زیاد
ہندوستاں کی فوج ظفر موج زندہ باد
پردیس میں جو کھیت رہے ہیں جواں ترے
ہیں دفن زیر خاک خزانے وہاں ترے
برما کے جنگلوں میں لہو کے نشاں ترے
نقش دوام ہیں وہ تہہ آسماں ترے
تا‌ روز حشر اہل وطن کو رہیں گے یاد
ہندوستاں کی فوج ظفر موج زندہ باد
غالب تھا بسکہ ساحر افرنگ کا فسوں
دو سو برس سے تھا علم‌ ہند سرنگوں
تو نے دیار غیر میں دکھلا دیا کہ یوں
مردان کار کرتے ہیں باطل کو غرق خوں
باطل ہو خواہ کوہ گراں خواہ گرد باد
ہندوستاں کی فوج‌ ظفر موج زندہ باد

تلوک چند محروم

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *