اپنی خودی کو تم سر بازار بیچ کر زندہ ہو کیسے دولت کردار بیچ کر یا رب یہ کیا عذاب ہے نسل جدید پر کرتی ہے عیش پرکھوں کی دستار بیچ کر حاصل کی اس کے بیٹے نے کرسی مدیر کی اتنا پڑھایا باپ نے اخبار بیچ کر اس بد نصیب باپ کی مجبوریاں نہ پوچھ خوشیاں خریدتا ہے جو گھر بار بیچ کر مہنگی بہت پڑی مجھے سورج کی دوستی پچھتا رہا ہوں سایۂ دیوار بیچ کر جن کو شعور بندگی کرتا ہے رب عطا جنگل خرید لیتے ہیں گھر بار بیچ کر عالمؔ اسی طرح سے جو ہم منتشر رہے کھا جائیں گے وطن کو یہ غدار بیچ کر