Iztirab

Iztirab

ایکتا کی آواز

خلوص دل میں لیے کارواں کے ساتھ چلو
مسافرو چلو عزم گراں کے ساتھ چلو
زمانہ ساتھ چلے انجمن بھی ساتھ چلے
بہار چومے قدم بانکپن بھی ساتھ چلے
وہ عزم ہو کہ جسے زندگی سلام کرے
قدم قدم پہ سکوں جشن اہتمام کرے
وطن کی لاج بنو قوم کا نکھار بنو
ہر ایک دل کے لیے حسن اعتبار بنو
بھلا دو فرقہ پرستی کی داستانوں کو
مٹا دو بڑھ کے تعصب بھرے جہانوں کو
قسم وطن کی تمہیں ایکتا کے گن گاؤ
دلوں میں عظمت قوم و وطن کو چمکاؤ
قدم کے ساتھ اگر دل ملیں تو بات بنے
جہاں بھی چاہو وہیں منزل حیات بنے
ہو ایک دل ذرا آواز بھی ملا کے چلو
چلو تو راہ حوادث میں مسکرا کے چلو
بیکل اتساہی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *