Iztirab

Iztirab

بچوں کو نیا سال مبارک

پرانا گیا اور نیا سال آیا
مبارک ہو تم کو نیا سال بچو
جو اب ہاتھ میں ہے کرو فکر اس کی
گیا ہاتھ سے جو گیا سال بچو
دکھائے خدا سال تم کو بہت سے
یوں ہی سال پر سال آتا رہے گا
وہ جاتا رہے گا پرانا جو ہوگا
نیا سال ہر سال آتا رہے گا
پرانا اگر سال غفلت میں گزرا
گزارو نیا سال ہشیار ہو کر
جو پچھلے برس میں کمی رہ گئی ہے
کرو اس کو پورا خبردار ہو کر
نیا سال ہو جائے گا جب پرانا
تو ساماں کرے گا وہ اپنے سفر کے
کئے ہوں گے تم نے اگر کام اچھے
وہ خوش جائے گا تم کو دل شاد کر کے
کیا ہوگا ضائع اگر تم نے اس کو
تو غصے کی صورت دکھائے گا تم کو
وہ خود جانے والا تو جا ہی چکے گا
مگر جاتے جاتے رلائے گا تم کو
مبارک ہو تم کو نیا سال بچو
امنگیں نئی دل میں پیدا کرو تم
خوشی لکھنے پڑھنے میں ہو تم کو حاصل
جو ہو کام اچھے سے اچھے کرو تم

تلوک چند محروم

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *