تری شان سب سے جدا غوث اعظم
نہ پہنچے تجھے اولیا غوث اعظم
جمال رسول خدا غوث اعظم
جلال علی مرتضیٰ غوث اعظم
مزاج حسین ابن زہرا کے وارث
شبیہ حسن مجتبیٰ غوث اعظم
اجابت بڑھے پیشوائی کو آگے
اٹھائیں جو دست دعا غوث اعظم
نہ کیوں حل ہوں مشکل سے مشکل مسائل
کہ ہیں ابن مشکل کشا غوث اعظم
رسولوں کے انداز نبیوں کے تیور
ودیعت ہوئے تجھ کو یا غوث اعظم
زمانے کا ہر پیر زیر قدم ہے
ہیں ایسے جگت پیشوا غوث اعظم
پہنچتی ہے پھر کیسے نصرت خدا کی
ذرا کہہ کے تو دیکھ یا غوث اعظم
نہیں ہے کوئی اور سارے جہاں میں
مرا پیر تیرے سوا غوث اعظم
ذرا جلوہ مصطفی میں بھی دیکھوں
ذرا صورت اپنی دکھا غوث اعظم
ترا دور افسوس پایا نہ میں نے
کبھی خواب ہی میں تو آ غوث اعظم
نہ اٹھے ہیں خالی نہ اٹھیں گے خالی
ترے در سے تیرے گدا غوث اعظم
عنایت سے بھر دیجیے میری جھولی
کرم کیجیے آج یا غوث اعظم
مصائب کے طوفاں سے ٹکرا رہا ہوں
میں لے کر ترا آسرا غوث اعظم
ہوا ہے نہ ہوگا نہ ہے اس جہاں میں
کوئی اور تیرے سوا غوث اعظم
کجا یک گدا و کجا شاہ جیلاں
کجا یک فقیر و کجا غوث اعظم
سناؤں نہ کیوں ان کو افسانۂ دل
کہ ہیں میرے درد آشنا غوث اعظم
اگر ان سے لو درس توحید تم بھی
تو کر دیں تمہیں کیا سے کیا غوث اعظم
درستی عقائد کی کر لو یہاں پر
کہ ہیں قبلۂ حق نما غوث اعظم
نصیرؔ آج آیا ہے بن کر سوالی
اسے بھی ملے بھیک یا غوث اعظم
پیر نصیر الدین نصیر گیلانی