Iztirab

Iztirab

تیری آرزو

یوں بسی رہتی ہے میرے دل میں تیری آرزو 
جس طرح مے میں نشہ ہے اور ہے پھولوں میں بو 
جس طرح ہے سبزۂ بیگانہ میں جوش نمو 
جس طرح مستی فضاؤں میں نہاں ہے چار سو 
اس طرح رہتی ہے میرے دل میں تیری آرزو 

جس طرح بربط میں نغمہ جس طرح آتش میں نور 
جس طرح قوس و قزح میں رنگ بادہ میں سرور 
جس طرح طالب کی آنکھوں میں محبت کا ظہور 
اس طرح رہتی ہے میرے میں تیری آرزو 

جس طرح پانی میں ٹھنڈک جس طرح گل میں شراب 
جس طرح خنجر میں جوہر جس طرح موتی میں آب 
جس طرح ارض و سما میں فطرت حسن و شباب 
اس طرح رہتی ہے میرے دل میں تیری آرزو 

جس طرح کیف محبت میں بہار زندگی 
جس طرح دوشیزۂ فطرت کے عارض پر ہنسی 
جس طرح شور غم دل میں طلسم خامشی 
اس طرح رہتی ہے میرے دل میں تیری آرزو

رشی پٹیالوی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *