Iztirab

Iztirab

جیتے جی مُوت کہ تم منہ میں نہ جانا ہرگز

جیتے جی مُوت کہ تم منہ میں نہ جانا ہرگز 
دوستو دل نہ لگانا نہ لگانا ہرگز 
عشق بھی تاک میں بیٹھا ہے نظر بازوں کی 
دیکھنا شیر سے آنکھیں نہ لڑانا ہرگز 
ہاتھ ملنے نہ ہوں پیری میں اگر حسرت سے 
تُو جوانی میں نہ یہ روگ بسانا ہرگز 
جتنے رستے تھے تیرے ہو گئے ویراں اے عشق 
آ کہ ویرانوں میں اب گھر نہ بسانا ہرگز 
کوچ سب کر گئے دلی سے تیرے قدر شناس 
قدر یاں رہ کہ اب اپنی نہ گنوانا ہرگز 
تذکرہ دہلی مرحوم کا اے دوست نہ چھیڑ 
نہ سنا جائے گا ہم سے یہ فسانہ ہرگز 
ڈھونڈتا ہے دل شوریدہ بہانے مطرب 
دردانگیز غزل کوئی نہ گانا ہرگز 
صحبتیں اگلی مصور ہمیں یاد آئیں گی 
کوئی دلچسپ مرقع نہ دکھانا ہرگز 
لے کہ داغ آئے گا سینے پہ بہت اے سیاح 
دیکھ اس شہر کہ کھنڈروں میں نہ جانا ہرگز 
چپے چپے پہ ہیں ، یاں گوہر یکتا تہ خاک 
دفن ہوگا کہیں اتنا نہ خزانہ ہرگز 
مٹ گئے ترے مٹانے کہ نشاں بھی اب تو 
اے فلک اس سے زیادہ نہ مٹانا ہرگز 
وہ تُو بھولے تھے ہمیں ہم بھی انہیں بھول گئے 
ایسا بدلا ہے نہ بدلے گا زمانہ ہرگز 
ہم کو گر تُو نے رلایا تو رلایا اے چرخ 
ہم پہ غیروں کو تو ظالم نہ ہنسانا ہرگز 
آخری دور میں بھی تُجھ کو قسم ہے ساقی 
بھر کہ اک جام نہ پیاسوں کو پلانا ہرگز 
بخت سوئے ہیں بہت جاگ کہ اے دور زماں 
نہ ابھی نیند کہ ماتوں کو جگانا ہرگز 
کبھی اے علم و ہنر گھر تھا تمہارا دلی 
ہم کو بھولے ہو تُو گھر بھول نہ جانا ہرگز 
شاعری مر چکی اب زندہ نہ ہوگی یارو 
یاد کر کر کہ اسے جی نہ کڑھانا ہرگز 
غالب و شیفتہ و نیر و آزردہ و ذوق
اب دکھائے گا یہ شکلیں نہ زمانا ہرگز 
مومن و علوی و صہبائی و ممنوں کہ بعد 
شعر کا نام نہ لے گا کوئی دانا ہرگز 
کر دیا مر کہ یگانوں نے یگانہ ہم کو 
ورنہ یاں کوئی نہ تھا ہم میں یگانہ ہرگز 
داغ و مجروح کو سن لو کے پھر اس گلشن میں 
نہ سنے گا کوئی بلبل کا ترانہ ہرگز 
رات آخر ہوئی اور بزم ہوئی زیر و زبر 
اب نہ دیکھو گے کبھی لطف شبانہ ہرگز 
بزم ماتم تو نہیں بزم سخن ہے حالی
.یاں مناسب نہیں رُو رُو کہ رلانا ہرگز 

الطاف حسین حالی 

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *