Iztirab

Iztirab

حریم ذات مطلق گھر ہے تاج الدین بابا کا

حریم ذات مطلق گھر ہے تاج الدین بابا کا 
کہ ہر جلوہ حجاب در ہے تاج الدین بابا کا 
بظاہر بت ہیں لیکن بت شکن ہیں وہ حقیقت میں 
کہ ابراہیم خود آزر ہے تاج الدین بابا کا 
حرم دیکھا حریم پنجتن دیکھی جدھر دیکھا 
یہی دیکھا کہ یہ بھی گھر ہے تاج الدین بابا کا 
دلوں کے ملک میں ان کی شہنشاہی مسلم ہے 
منقش نام ہر دل پر ہے تاج الدین بابا کا 
نظر میں رحمت اللعالمیں کا کھنچ گیا نقشہ 
عجب لطف جہاں پرور ہے تاج الدین بابا کا 
جبیں سائی کی نسبت دیکھیے کیا رنگ لائی ہے 
مرا سر آج سنگ در ہے تاج الدین بابا کا 
جنون و ہوش دونوں متفق ہیں اس مقولے میں 
کہ شاہوں سے گدا بہتر ہے تاج الدین بابا کا 
ذہینؔ اس راز کو سرکار یوسف شاہ نے کھولا 
وہی تاجیؔ ہے جو مظہر ہے تاج الدین بابا کا 

ذہین شاہ تاجی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *