Iztirab

Iztirab

حسن صورت دیکھ کر رنگ طبیعت دیکھ کر

حسن صورت دیکھ کر رنگ طبیعت دیکھ کر
محو حیرت ہوں سواد بزم غربت دیکھ کر
مجھ سے پوچھے راز کی باتیں مجھے معلوم ہیں
کیوں پریشاں ہو کوئی نیرنگ فطرت دیکھ کر
واقعہ ہے واقعہ اہل نظر سے پوچھئے
حسن بھی حیرت میں ہے شان محبت دیکھ کر
تیز گامی مقتضائے جوش الفت ہی سہی
لیکن اے رہرو نقوش راہ الفت دیکھ کر
اے وطن صبح وطن شام وطن اہل وطن
یاد آتی ہے تمہاری دشت غربت دیکھ کر
میرے ساقی تیرے قرباں کیا کہوں کس سے کہوں
ظرف میکش دیکھ کر رنگ طبیعت دیکھ کر
بے خودی میں بھی خیال حسن خودداری رہے
نغمہ زن ہو رازؔ رنگ بزم غربت دیکھ کر

راز چاندپوری

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *