Iztirab

Iztirab

دِل میں پوشیدہ تپ عشق بتاں رکھتے ہیں

دِل میں پُوشیدہ تپ عشق بتاں رکھتے ہیں 
آگ ہم سنگ کی مانند نہاں رکھتے ہیں 
تازگی ہے سخن کہنہ میں یہ بعد وفات 
لوگ اکثر میرے جینے کا گماں رکھتے ہیں 
بھا گئی کون سی وُہ بات بتوں کی ورنہ 
نہ کمر رکھتے ہیں کافر نہ دہاں رکھتے ہیں 
مثل پروانہ نہیں کچھ زر و مال اپنے پاس 
ہم فقط تم پہ فدا کرنے کو جاں رکھتے ہیں 
محفل یار میں کچھ بات نہ نکلی منہ سے 
کہنے کو شمع کی مانند زباں رکھتے ہیں 
ہو گیا زرد پڑی جس کی حسینوں پہ نظر 
یہ عجب گُل ہیں کے تاثیر خزاں رکھتے ہیں 
عوض ملک جہاں ملک سخن ہے ناسخؔ 
.گو نہیں حکم رواں طبع رواں رکھتے ہیں 

امام بخش ناسخ 

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *