Iztirab

Iztirab

روشن ہمارا دل ہے محمد کے نور سے

روشن ہمارا دل ہے محمد کے نور سے
لائے ہیں اس چراغ کو ہم کوہ طور سے
موسیٰ نے اس کو طور پہ دیکھا تھا دور سے
روشن ہوئی ہے شمع حرم جس کے نور سے
خلوت ہو ایسی جس میں فرشتے نہ سن سکیں
اک دل کی بات عرض کروں گا حضور سے
اس کے کرم نے کھینچ لیا جالیوں کے پاس
ڈرتا تھا میں سلام پڑھا میں نے دور سے
جب تک نبی کی یاد نہ دل میں سمائے گی
خالی نہ ہوگا دل مرا کبر و غرور سے
دیدار ہو خدا کا زیارت رسول کی
فردوس سے غرض ہے نہ مطلب ہے حور سے
میری نظر خطا نہ کرے گی یقین ہے
پہچان لوں گا حشر میں حضرت کو دور سے
عشق نبی سے نشہ عرفاں میں چور ہوں
دھویا ہے میں نے دل کو شراب طہور سے
آئیں گے آپ دل میں یہ وعدہ تو کیجیے
میں کعبہ مانگ لوں گا خدائے غفور سے
روح القدس سے روح نے پایا ہے میری فیض
سیکھی ہے نعت گوئی بڑے ذی شعور سے
تڑپوں گا میں فراق نبی میں تمام عمر
یہ وعدہ لے لیا ہے دل ناصبور سے
رتبے کو مصطفیٰ کے ملائک سے پوچھیے
سجدے کا حکم پہلے ملا ہے ظہور سے
بیخودؔ کو جام بادہ کوثر ہو وہ عطا
جنت میں جھومتا رہے جس کے سرور سے

بیخود دہلوی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *