سرابوں سے نوازا جا رہا ہوں
امیر دشت بنتا جا رہا ہوں
مرے دریا ہمیشہ یاد رکھنا
ترے ساحل سے پیاسا جا رہا ہوں
فضائیں سبز ہوتی جا رہی ہیں
میں جتنا زہر پیتا جا رہا ہوں
اک ایسے خواب کی آنکھوں کو ضد ہے
تہ خنجر بھی سویا جا رہا ہوں
مرے باہر فصیل آہنی ہے
مگر اندر سے ٹوٹا جا رہا ہوں
زمانہ مجھ کو سمجھے یا نہ سمجھے
میں اک دن ہوں جو گزرا جا رہا ہوں
میں خوشبو ہوں یہ دنیا جانتی ہے
مگر پھر بھی چھپایا جا رہا ہوں
تم اب تھکتی ہوئی نظریں جھکا لو
بلندی سے میں اترا جا رہا ہوں
کتاب سنگ بن جائے گا کاظمؔ
میں جس پانی پہ لکھا جا رہا ہوں
کاظم جرولی