Iztirab

Iztirab

شبنم

کیا یہ تارے ہیں زمیں پر جو اتر آئے ہیں
یا وہ موتی ہیں کہ جو چاند نے برسائے ہیں
کیا وہ ہیرے ہیں جو صحرا نے پڑے پائے ہیں
نہ بہت دور پہنچ جائے مری بات کہیں
اپنے آنسو تو نہیں بھول گئی رات کہیں
یہ کہانی بھی سنائی ہے زمیں نے اکثر
کہکشاں جاتی ہے جب پچھلے پہر اپنے گھر
پھینکتی جاتی ہے ہنستی ہوئی لاکھوں گوہر
اور ہر صبح کو یہ کھیل رچا جاتا ہے
ان کو خورشید کی پلکوں سے چنا جاتا ہے
یہ بھی سنتے ہیں کہ یہ سات سمندر ہر روز
شفق شام کی کشتی میں سجا کر ہر روز
نذر دیتے ہیں ثریا کو یہ گوہر ہر روز
پھر ثریا انہیں ہنس ہنس کے لٹا دیتی ہے
خوب چنتی ہے زمیں اور دعا دیتی ہے
جس طرح باغ کے پھولوں کو چمن پیارا ہے
بن میں جو کھلتی ہیں کلیاں انہیں بن پیارا ہے
یوں ہی شبنم کو بھی اپنا ہی وطن پیارا ہے
کہکشاں روز بلا کر اسے بہکاتی ہے
پر یہ دامن میں زمیں کے ہی سکوں پاتی ہے

روش صدیقی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *