Iztirab

Iztirab

فارسی اردو سبق

آؤ بچو سبق پڑھائیں فارسی اور اردو
گائے کو بولو گاؤ ہمیشہ ہرنی کو آہو
گھاس گیاہ اور آب ہے پانی اور ندی ہے جو
منشی جی نے سبق پڑھایا فارسی اور اردو
ہو ہا ہو ہا ہو
ہو ہو ہو ہو ہو ہو
آؤ بچو سبق پڑھائیں فارسی اور اردو
آنکھ کو دیدہ کان کو گوش اور آنکھ کی بھوں ابرو
خال ہے تل اور گال ہے عارض چوٹی ہے گیسو
منشی جی نے سبق پڑھایا فارسی اور اردو
ہو ہا ہو ہا ہو
ہو ہو ہو ہو ہو
آؤ بچو سبق پڑھائیں فارسی اور اردو
بچو پیر کے معنی بوڑھا بالا بچہ طفل
رنگ ہے روپ اور ڈیل ہے قامت شانہ ہے بازو
منشی جی نے سبق پڑھایا فارسی اور اردو
ہو ہا ہو ہا ہو
ہو ہو ہو ہو ہو
آؤ بچو سبق پڑھائیں فارسی اور اردو
شب کی اردو رات ہے بچو دن کی فارسی روز
راہ ہے رستہ جنگل صحرا سمت کے معنی سو
منشی جی نے سبق پڑھایا فارسی اور اردو
ہو ہا ہو ہا ہو
ہو ہو ہو ہو ہو
آؤ بچو سبق پڑھائیں فارسی اور اردو
تو تو میں میں چھوڑ کے بچو یاد کرو یہ لفظ
من کے معنی میں ہوتے ہیں تو کے معنی تو
منشی جی نے سبق پڑھایا فارسی اور اردو
ہو ہا ہو ہا ہو
ہو ہو ہو ہو ہو
رئیس امروہوی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *