Iztirab

Iztirab

میں کہا ایک ادا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں

میں کہا ایک ادا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں
دیکھ ٹک آنکھ چرا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں
سب سے ہنستا تھا وُہ کل  رو کہ جُو میں بول اٹھا 
ہم سے بھی ٹک تُو ہنسا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں
میں کہا دِل کو میں لے جاؤں تُو بولا وُہ کے ہوں
لے چلا جب میں اٹھا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں
میں کہا صبر و دِل و دیں نے وفا ہم سے نہ کی 
بے وفا تُو تُو وفا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں
میں کہا جام مے پیتے ہو تُو بولا وُہ کے ہوں
جب کہا لاؤں چھپا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں
میں کہا صحبت اغیار بری ہے پیارے 
ان سے اتنا نہ ملا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں
میں کہا عشق کو اظہار کروں بولا ہوں
جب کہا کہتا ہوں جا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں
میں کہا سمجھے ہے آزار مرا بولا ہوں
جب کہا کچھ تُو دوا کر تُو لگا کہنے اوں ہوں
میں کہا اب تیری دوری سے ہے جرأتؔ بے تاب 
.کچھ تُو کہہ پاس بلا کر تُو لگا کہنے  اوں ہوں

جرأت قلندر بخش

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *