Iztirab

Iztirab

نئی تہذیب

یہ موجودہ طریقے راہیٔ ملک عدم ہوں گے 
نئی تہذیب ہوگی اُور نئے ساماں بہم ہوں گے 
نئے عنوان سے زینت دکھائیں گے حسیں اپنی 
نہ ایسا پیچ زلفوں میں نہ گیسو میں یہ خم ہوں گے 
نہ خاتونوں میں رہ جائے گی پردے کی یہ پابندی 
نہ گھونگھٹ اِس طرح سے حاجب روئے صنم ہوں گے 
بدل جائے گا انداز طبائع دور گردوں سے 
نئی صورت کِی خوشیاں اُور نئے اسباب غم ہوں گے 
نہ پیدا ہوگی خط نسخ سے شان ادب آگیں 
نہ نستعلیق حرف اِس طور سے زیب رقم ہوں گے 
خبر دیتی ہے ، تحریک ہوا تبدیل موسم کی 
کھلیں گے اُور ہی گل زمزمے بلبل کہ کم ہوں گے 
عقائد پر قیامت آئے گی ترمیم ملت سے 
نیا کعبہ بنے گا مغربی پتلے صنم ہوں گے 
بہت ہوں گے مغنی نغمۂ تقلید یورپ کہ 
مگر بے جوڑ ہوں گے اِس لیے بے تال و سم ہوں گے 
ہماری اصطلاحوں سے زباں نا آشنا ہوگی 
لغات مغربی بازار کی بھاشا سے ضم ہوں گے 
بدل جائے گا معیار شرافت چشم دنیا میں 
زیادہ تھے جُو اپنے زعم میں وُہ سب سے کم ہوں گے 
گزشتہ عظمتوں کہ تذکرے بھی رہ نہ جائیں گے 
کتابوں ہی میں دفن افسانۂ جاہ و حشم ہوں گے 
کسی کو اِس تغیر کا نہ حس ہوگا نہ غم ہوگا 
ہوئے جس ساز سے پیدا اِسی کہ زیر و بم ہوں گے 
تمہیں اِس انقلاب دہر کا کیا غم ہے اے اکبرؔ 
.بہت نزدیک ہیں وُہ دِن کے تم ہوگے نہ ہم ہوں گے

اکبر الہ آبادی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *