Iztirab

Iztirab

وہ تیری نگاہوں کا عالم جو مست کن و مستانہ تھا

وہ تیری نگاہوں کا عالم جو مست کن و مستانہ تھا 
مے خانے کا مے خانہ تھا پیمانے کا پیمانہ تھا 
آبادیٔ دل کا عالم بھی اک خواب تھا یا افسانہ تھا 
جب آنکھ لگی کاشانہ تھا جب آنکھ کھلی ویرانہ تھا 
موقوف تھی دل کی حالت پر ویرانی بھی آبادی بھی 
ویرانہ بھی کاشانہ تھا کاشانہ بھی ویرانہ تھا 
آداب تماشہ سے واقف کب شیخ و برہمن تھے ورنہ 
بت خانے میں بھی کعبہ تھا کعبے میں بھی بت خانہ تھا 
جب عشق میں گم اطراف ہوئی جب سوز میں محو جہات ہوئیں 
جو شمع تھی وہ پروانہ تھا وہ شمع تھی جو پروانہ تھا 
کچھ تیری زلف مشکیں کے اسرار کھلے تو مستی میں 
دیوانہ تھا وہ ہوش میں تھا جو ہوش میں تھا دیوانہ تھا 
کیا جانے کس نے کیا سمجھا انداز بیاں ذہینؔ تھا کیا 
ہر لفظ میں ایک حقیقت تھی ہر لفظ مگر افسانہ تھا 

ذہین شاہ تاجی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *