Iztirab

Iztirab

کوئی شہر ایسا بساؤں میں

کوئی شہر ایسا بساؤں میں
جہاں فاختاؤں کی پھڑپھڑاہٹ سے نغمہ رازِ حیات میں
جھنجھناتی سانسوں کی جھانجھریں جو چھنک اُٹھیں
تو دھنک کے رنگوں میں بھیگ جائیں حواس تک
جہاں چاند ماند نہ ہو کبھی ، جہاں چاندنی کی رِدا بنے
میری بانجھ دھرتی کے باسیوں کا لباس تک
جہاں صرف حکمِ یقیں چلے ، جہاں بے نشاں ہو قیاس تک
جہاں آدمیت کے نطق و لب پہ ، نہ شہرِ یار کا خوف ہو
جہاں سرسرائے نہ آدمی کی رگوں میں کوئی ہراس تک
جہاں وہم ہو نہ دلوں میں وہم کا سہم ہو
جہاں سچ کو سچ سے ہو واسطہ
جہاں جگنو کو ہوا دکھاتی ہو راستہ
جہاں خوشبوؤں سے بدلتی رت کو حسد نہ ہو
جہاں پستیوں سے بلندیوں کو بھی قد نہ ہو
جہاں خواب آنکھوں میں جگمگائیں تو۔۔۔۔۔
جسم و جاں کے سبھی دریچوں میں تیرگی کا گزر نہ ہو
کوئی رات ایسی بسر نہ ہو کہ بشر کو اپنی خبر نہ ہو
جہاں داغ داغ سحر نہ ہو
جہاں کشتیاں ہوں رواں دواں  تو سمندروں میں بھنور نہ ہو
جہاں برگ و بار سے اجنبی کوئی ، شاخ کوئی شجر نہ ہو
جہاں چہچہاتے ہوئے پرندوں کو ، بارشوں کے عذاب کا کوئی ڈر نہ ہو
میرے بس میں ہو تو کبھی کہیں کوئی شہر ایسا بساؤں میں
جہاں برف برف محبتوں پہ غم جاں کا اثر نہ ہو
راہ و رسم دنیا کی بندشیں غم ذات کے سبھی ذائقے
سمے کائنات کی تلخیاں کسی آنکھ کو بھی نہ چھو سکیں
جہاں میری سانس کی تازگی ، تیری چاہتوں کے کنول میں ہو
تیرا حسن میری غزل میں ہو ، جہاں کائنات کی اک صدف
شب و روز کے کسی پل میں ہو
جہاں نوحۂ غم زندگی ، میری ہچکیوں سے عیاں نہ ہو
جہاں لوح خاک پہ عمر بھر ، کسی بے گناہ کے خون کا
کوئی داغ ، کوئی نشاں نہ ہو
کوئی شہر ایسا کبھی کہیں بساؤں میں
جہاں دھوپ چھاؤں گلے ملیں
جہاں بانجھ رت میں بھی گل کھلیں
جہاں چاہتوں کے ہجوم میں ، کبھی گیت امن کے گاؤں میں
جہاں زندگی کا رِجز پڑھوں ، جہاں بے خلل گنگناؤں میں
جہاں موج موج کی اوٹ میں تو کرن بنے ، مسکراؤں میں
میرے بس میں ہو تو کبھی کہیں
.کوئی شہر ایسا بساؤں میں

محسن نقوی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *