Iztirab

Iztirab

گہری رات ہے اور طوفان کا شور بہت

گہری رات ہے اور طوفان کا شور بہت 
گھر کے در و دیوار بھی ہیں کمزور بہت 
تیرے سامنے آتے ہوئے گھبراتا ہوں 
لب پہ ترا اقرار ہے دل میں چور بہت 
نقش کوئی باقی رہ جائے مشکل ہے 
آج لہو کی روانی میں ہے زور بہت 
دل کے کسی کونے میں پڑے ہوں گے اب بھی 
ایک کھلا آکاش پتنگیں ڈور بہت 
مجھ سے بچھڑ کر ہوگا سمندر بھی بے چین 
رات ڈھلے تو کرتا ہوگا شور بہت 
آ کے کبھی ویرانئ دل کا تماشا کر 
اس جنگل میں ناچ رہے ہیں مور بہت 
اپنے بسیرے پنچھی لوٹ نہ پایا زیبؔ 
شام گھٹا بھی اٹھی تھی گھنگھور بہت 

زیب غوری

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *