Iztirab

Iztirab

ہوس کی دنیا میں رہنے والوں کو میں محبت سکھا رہا ہوں

ہوس کی دنیا میں رہنے والوں کو میں محبت سکھا رہا ہوں
جہاں پہ دامن بچھے ہوئے ہیں وہاں پر آنکھیں بچھا رہا ہوں
سرود غم پر بھی زندگی میں طرب کے دھارے بہا رہا ہوں
میں ان کے ساز جفا پر اپنی وفا کے نغمے سنا رہا ہوں
الٰہی دنیا میں اور کچھ دن ابھی قیامت نہ آنے پائے
ترے بنائے ہوئے بشر کو ابھی میں انساں بنا رہا ہوں
عدم کے تاریک راستے میں کوئی مسافر نہ راہ بھولے
میں شمع ہستی بجھا کر اپنی چراغ تربت جلا رہا ہوں
میں اپنی طرز جنوں کے صدقے مرا جنوں بھی عجب جنوں ہے
کسی کا دامن پکڑ رہا ہوں کسی سے دامن چھڑا رہا ہوں
ابھی تو آیا ہی تھا وہاں سے کبھی نہ جانے کا عہد کر کے
مگر محبت زہے محبت ابھی وہیں سے پھر آ رہا ہوں
ملی ہے کانٹوں کی مجھ کو قسمت مگر ہے پھولوں کی میری فطرت
جہاں ہوں پامال غم ہوں لیکن جہاں بھی ہوں مسکرا رہا ہوں
چلا ہے شوق سجود لے کر الٰہی یہ کس کے در کی جانب
ابھی تو پہلا قدم اٹھا ہے ابھی سے میں سر جھکا رہا ہوں
تری نظر کیا میں اپنے دل سے بھی گر کے جاتا ہوں انجمن سے
جہاں کہ ہوتی ہے ختم دوری وہاں سے بھی دور جا رہا ہوں
یہ کس کے کوچے میں گامزن ہوں یہ آستاں کس کا سامنے ہے
میں اپنے قدموں پر آج بسملؔ سر دو عالم جھکا رہا ہوں

بسمل سعیدی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *