Iztirab

Iztirab

ہولی

پھر آن کہ عشرت کا مچا ڈھنگ زمیں پر 
اُور عیش نے عرصہ ہے کیا تنگ زمیں پر 
ہر دِل کو خُوشی کا ہوا آہنگ زمیں پر 
ہوتا ہے کہیں راگ کہیں رنگ زمیں پر 
بجتے ہیں کہیں تال کہیں زنگ زمیں پر 
ہولی نے مچایا ہے عجب رنگ زمیں پر 

گھنگرو کی پڑی آن کہ پھر کان میں جھنکار 
سارنگی ہوئی بین طنبوروں کی مددگار 
طبلوں کہ ٹھکے طبل یہ سازوں کہ بجے تار 
راگوں کہ کہیں غل کہیں ناچوں کہ بندھے تار 
ڈھولک کہیں جھنکارے ہے مردنگ زمیں پر 
ہولی نے مچایا ہے عجب رنگ زمیں پر 

مستی میں اٹھا آنکھ جدھر دیکھو اہاہا 
ناچے ہے طوائف کہیں مٹکے ہے بھویا 
چلتے ہیں کہیں جام کہیں سوانگ کا چرچا 
او رنگ کو گلیوں میں جو دیکھو تُو ہر اِک جا 
بہتی ہیں امنڈ کر جمن و گنگ زمیں پر 
ہولی نے مچایا ہے عجب رنگ زمیں پر 

بھاگے ہے کہیں رنگ کسی پر جُو کوئی ڈال 
وُہ پوٹلی مارے ہے اسے دوڑ کہ فی الحال 
یہ ٹانگ گھسیٹے ہے تُو وُہ کھینچے پکڑ بال 
وُہ ہاتھ مروڑے تُو یہ توڑے ہے کھڑا گال 
اس ڈھب کہ ہر اِک جا پہ مچے ڈھنگ زمیں پر 
ہولی نے مچایا ہے عجب رنگ زمیں پر 

بیٹھے ہیں سب آپس میں نہیں ایک بھی کڑوا 
پچکاری اٹھا کر کوئی جھمکاوے ہے کھڑوا 
بھرتے ہیں کہیں مشک کہیں رنگ کا گڑوا 
کیا شاد وُہ ہوتا ہے ، جسے کہتے ہیں بھڑوا 
سننے میں یہاں تک نہیں اب ننگ زمیں پر 
ہولی نے مچایا ہے عجب رنگ زمیں پر 

ہولی کی نظیرؔ اب جُو بہاریں ہیں اہاہا 
محبوب رنگیلوں کی قطاریں ہیں اہاہا 
کپڑوں پہ جمی رنگ کی دھاریں ہیں اہاہا 
سب ہولی ہے ہولی ہی پکارے ہیں اہاہا 
کیا عیش ہے کیا رنگ ہے کیا ڈھنگ زمیں پر 
.ہولی نے مچایا ہے عجب رنگ زمیں پر 

نظیر اکبر آبادی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *