Iztirab

Iztirab

اہل دل گر جہاں سے اٹھتا ہے

اہل دل گر جہاں سے اٹھتا ہے 
اک جہاں جسم و جاں سے اٹھتا ہے 
چلو اے ہم رہو غنیمت ہے 
جو قدم اس جہاں سے اٹھتا ہے 
جمع رکھتے نہیں، نہیں معلوم 
خرچ اپنا کہاں سے اٹھتا ہے 
گر نقاب اس کے منہ سے اٹھی نہیں 
شور کیوں کارواں سے اٹھتا ہے 
وائے بے طاقتی و بے صبری 
پردہ جب درمیاں سے اٹھتا ہے 
پھر وہیں گر پڑے ہے پروانہ 
گر ٹک اک شمع داں سے اٹھتا ہے 
قصۂ مصحفیؔ سنا کر یار 
عشق اس داستاں سے اٹھتا ہے 

غلام ہمدانی مصحفی

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *