جب جانیں جب آؤ
سانس کی ڈوری جھول رہی ہے دھیان سہارے
سونے سونے دن کے رین کے سپنے سارے
سپنے میں کوئی جال بچھا ہے جب چاہو تب جاؤ آ کر
ہم جانیں جب آؤ پیتم پاس ہمارے
جس نے اپنا آپ تجا ہے اس کو اپنا بناؤ آ کر
ہم جانیں جب آؤ پیتم پاس ہمارے
اس کے دوارے اس کے دوارے
آنکھ کے دل کے دھوکے سارے
ان کو اب تو مٹاؤ آ کر
ہم جانیں جب آؤ پیتم پاس ہمارے
تم سمجھو کیا ہم ہیں شکاری
راج بھون کے دوار پہ آ کر دکھ سے پکار اٹھے یہ بھکاری
جھجک جھجک کر دھیرے دھیرے پاؤں نہ اب تو بڑھاؤ پیتم
آشا تھک کر ہار چکی ہے
کیسے کہیں کہ سنوار چکی ہے
بگڑی بات بناؤ آ کر ہم جانیں جب آؤ پیتم پاس ہمارے
سانس کی ڈوری کس کے سہارے
کون کہے آنکھوں میں جھلکیں پہلے اجالے بھیس بدل کر بن کے بیری گھور اندھیارے
اب تو جوت جگاؤ آ کر
ہم جانیں جب آؤ پیتم پاس ہمارے
میراجی