ہو گئی شام اور سورج ڈوبا
پچھم میں ہے آگ کا گولا
رنگ شفق سے ایسا برسا
سرخ ہوئے جنگل اور دریا
رنگ ترا ہے شام کا دامن
پھول بنا ہے شام کا دامن
واہ شفق کیا رنگ بھری ہے
سرخ پری ہے سرخ پری ہے
شام کی گودی میں بیٹھی ہے
لال چندریا اوڑھ رہی ہے
اس کو اپنے پاس بلا لوں
اپنی سہیلی اس کو بنا لوں
آ میری رنگین شفق آ
آ جا میری گود میں آ جا
رنگ ترا ہے کتنا پیارا
جیسے ہو اماں کا دوپٹہ
اے ملکہ اے شام کی بیٹی
رنگوں کی تو ہے شہزادی
ٹب میں پانی خوب بھرا ہے
ابا نے یہ بھروایا ہے
اس میں تیرا رتھ اترا ہے
چاند ترا رتھ کھینچ رہا ہے
روک لے رتھ کو اور اتر آ
آج سہیلی میری بن جا
ساغر نظامی