Iztirab

Iztirab

خطرے میں اسلام نہیں

خطرہ ہے زرداروں کو
گرتی ہوئی دیواروں کو
صدیوں کے بیماروں کو
خطرے میں اسلام نہیں
ساری زمیں کو گھیرے ہوئے ہیں
آخر چند گھرانے کیوں
نام نبیؐ کا لینے والے
الفت سے بیگانے کیوں
خطرہ ہے خونخواروں کو
رنگ برنگی کاروں کو
امریکہ کے پیاروں کو
خطرے میں اسلام نہیں
آج ہمارے نعروں سے
لرزہ ہے بَپا ایوانوں میں
بِک نا سکیں گے حسرت و ارمان
اونچی سجی دُکانوں میں
خطرہ ہے بٹ ماروں کو
مغرب کے بازاروں کو
چوروں کو مکاروں کو
خطرے میں اسلام نہیں
امن کا پرچم لے کر اٹھو
ہر انسان سے پیار کرو
اپنا تو منشور ہے جالبؔ
سارے جہاں سے پیار کرو
خطرہ ہے درباروں کو
شاہوں کے غمخواروں کو
نوابوں کو غداروں کو
.خطرے میں اسلام نہیں

حبیب جالب

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *