اندھیرے چاروں طرف سائیں سائیں کرنے لگے چراغ ہاتھ اٹھا کر دعائیں کرنے لگے ترقی کر گئے بیماریوں کے سوداگر یہ سب مریض ہیں جو اب دوائیں کرنے لگے لہو لہان پڑا تھا زمیں پر اک سورج پرندے اپنے پروں سے ہوائیں کرنے لگے زمیں پر آ گئے آنکھوں سے ٹوٹ کر آنسو بری خبر ہے فرشتے خطائیں کرنے لگے جھلس رہے ہیں یہاں چھاؤں بانٹنے والے وہ دھوپ ہے کہ شجر التجائیں کرنے لگے عجیب رنگ تھا مجلس کا خوب محفل تھی سفید پوش اٹھے کائیں کائیں کرنے لگے